(۳)امام ابن جریر طبری متوفّٰی 310ہجری لکھتے ہیں:
’’(عصر کی )نماز کے بعد آپ نے لوگوں کی طرف رخ کرکے اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا بیان کرنے کے بعد فرمایا:’’ لوگو! اگر تم اللہ کا خوف کرو اور حق داروں کے حق کو پہچانو، تو تمہارا یہ عمل اللہ کی رضا اور خوشنودی کا باعث ہوگا ،ہم اہل بیتِ رسول ہیں ،یہ لوگ جو تم پر حکومت کرنے کے دعوے دار ہیں ،اس کا انہیں حق نہیں ہے، یہ تمہارے ساتھ ظلم اور تعدّی سے پیش آتے ہیں، ان کی نسبت ہم حکومت کے زیادہ حق دار ہیں، اگر تم ہمیں پسند نہیں کرتے اور ہمارے حق سے واقف نہیں ہواور تم نے اپنے خطوط میں اورقاصدوں کی زبانی مجھے پیغامات بھیجے ہیں ، اب اگرتمہاری رائے اُن کی بابت تبدیل ہوگئی ہے تو میں واپس چلا جاتا ہوں‘‘۔یہ سن کرحُر بن یزید نے کہا :خدا کی قسم! جن خطوط کا آپ ذکر کر رہے ہیں ان کا مجھے کوئی علم نہیں ہے ،تو امام حسین نے عقبہ بن سمعان سے کہا: وہ دونوں تھیلے لے کر آئو جن میں ان لوگوں کے خطوط ہیں ،عقبہ وہ دونوں تھیلے نکال لا ئے ،دونوں میں خطوط بھرے ہوئے تھے ،سب کے سامنے ان خطوط کو بکھیر دیا ،حر نے کہا : جن لوگوں نے آپ کو خطوط لکھے تھے، ہم ان میں سے نہیںہیں ،ہم کو حکم ملا ہے کہ ہم جہاں آپ کو پائیں ،ابن زیاد کے پاس لے چلیں اور اس کے بغیر آپ کو نہ چھوڑیں ۔امام حسین نے اس سے فرمایا:اس مقصد کوحاصل کرنے کی نسبت تمہارے لیے مرجانا زیادہ آسان ہے ،پھر آپ نے اپنے اصحاب کو سوار ہونے کا حکم دیا ،سب سوار ہوگئے اور انتظار کرنے لگے حتیٰ کہ ان کی مستورات بھی سوار ہوگئیں ، آپ نے اپنے اصحاب سے کہا :ہم سب کو واپس لے چلو ،پس جب وہ واپس جانے لگے تو حر کے لشکر والے مقابل آگئے ،اس پر امام حسین نے کہا: تیری ماں تجھ پہ روئے ،تو کیا چاہتا ہے ،حر نے کہا:اللہ کی قسم! اگر اہلِ عرب میں سے کسی اور نے ایسا کلمہ میرے بارے میں کہا ہوتا، تو چاہے وہ کوئی بھی ہوتا، میں بھی اس کی ماں کا ذکر اسی طرح کرتا۔ مگر خدا کی قسم! میری مجال نہیں کہ میں حد درجہ تعظیم کے بغیر آپ کی ماں کا ذکر کرو ں،امام حسین نے کہا:تم کیا چاہتے ہو،اس نے کہا: میں آپ کو عبید اللہ بن زیاد کے پاس لے جانا چاہتا ہوں ،امام حسین نے کہا:اللہ کی قسم ایسا نہیں ہوسکتا ،میں تیری پیروی نہیں کروں گا، (تاریخ الطبری:ج: 5،ص: 402)‘‘۔
(۴) عقبہ بن ابی العیزار بیان کرتے ہیں:امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے اور حر بن یزید کے اصحاب کو مقام بیضہ میں خطبہ دیا، اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا کے بعد فرمایا:’’ لوگو! رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے:جو شخص ایسے بادشاہ کو دیکھے جو ظالم ہو اور اللہ تعالیٰ کی حرام کردہ چیزوں کو حلال سمجھتا ہو ، اللہ کے عہد کو توڑتا ہو ، رسول ﷺکی سنتوں کی خلاف ورزی کرتا ہو، بندگانِ خدا کے ساتھ ظلم وسرکشی کے ساتھ پیش آتا ہو اور پھر عملی یا زبانی طور یہ شخص ایسے حاکم پر اعتراض نہ کرے تو اللہ تعالیٰ اس شخص کو بھی اس حاکم کے اعمال میں شریک فرمائے گا ۔ آگاہ ہوجائو !ان حاکموں نے شیطان کی اطاعت اختیار کی ہے اور خدا کی اطاعت کو ترک کردیا ہے ،فساد کو ظاہر اور حدود شرع کو معطل کردیا ہے، مال غنیمت کو غصب ،حرام کو حلال اور حلال کو حرام کررکھا ہے ،ان پر اعتراض کرنے کا سب سے زیادہ مجھے حق ہے ، تمہارے خطوط میرے پاس آئے ،تمہارے قاصد میرے پاس تمہاری طرف سے بیعت کرنے کے لیے آئے کہ تم میرا ساتھ نہ چھوڑوگے، مجھے دشمنوں کے حوالے نہیں کروگے ،اگر تم اپنی بیعت کو پورا کرتے ہو تو بہرہ مند رہوگے ،میں حسین ہوں ،علی وفاطمہ بنت رسول رضی اللہ عنہماکا فرزندہوں، میری جان تمہاری جانوں کے ساتھ اورمیرے اہل وعیال تمہارے اہل وعیال کے ساتھ ہیں ،میں تمہارا پیشوا ہوں ، اگر تم نے ایسا نہ کیا اور عہد وپیمان کو توڑا اور میرے بیعت کو اپنی گردن سے اتارپھینکا ،میری جان کی قسم! یہ بات تمہارے لیے کوئی نئی بات نہیں، یہی سلوک تم نے میرے باپ ،میرے بھائی اورمیرے چچازاد مسلم بن عقیل کے ساتھ کیا ہے۔میں نے تم پر بھروسا کرکے دھوکہ کھایا اور جس نے بدعہدی کی ،اس کا وبال اُسی پر آئے گا اور عنقریب اللہ تعالیٰ مجھے تم سے بے نیاز کردے گا ۔
(۵) مقام ذی حَسم پر آپ نے خطبہ دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا بیان کی اور پھر فرمایا:’’تم لوگ دیکھ رہے ہو کیا حال ہورہا ہے ، دنیا بدل چکی ہے ،پہچانی نہیں جاتی،نیکیاں روگرداں ہوگئیں ،اب صرف برتن کا دھووَن باقی رہ گیا ہے اور بدترین اور ناگوار زندگی ،کیا تم دیکھتے نہیں ہو کہ حق پر عمل نہیں ہوتا ،باطل سے پرہیز نہیں کیا جاتا ،مومن کو اب چاہیے کہ حق پر رہ کر خدا سے ملاقات کرے ،میں دیکھتا ہوں کہ مرجانا شہادت ہے اور ظالموں کے ساتھ زندگی بسر کرنا ناگوار امر ہے،(تاریخ الطبری:ج: 5،ص: 403)‘‘۔
خطبۂ یومِ عاشور:
امام ابن کثیر متوفّٰی 774ہجری لکھتے ہیں:
’’پھر امام حسین اپنے گھوڑے پر سوار ہوگئے ، قرآنِ کریم کو اٹھایا اوراپنے سامنے رکھا،پھر قوم کی طرف رُخ کیادراں حالیکہ آپ ہاتھ اٹھائے ہوئے یہ دعامانگ رہے تھے :’’اے اللہ! ہر مصیبت میں تیری ہی ذات پر میرا بھروسا ہے اور ہر مشکل میں تو ہی میری امید ہے‘‘، پھر آپ کے شہزادے علی بن حسین احمق نامی گھوڑے پر سوار ہوئے، وہ کمزور اور بیمار تھے، امام حسین نے بلند آواز میں فرمایا:’’ لوگو!میں تمہیں ایک نصیحت کرتا ہوں ، توجہ سے سنو! سب لوگ خاموش ہوگئے ، امامِ عالی مقام نے اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا کے بعد فرمایا:’’ لوگو! اگر تم مجھ سے نصیحت قبول کرتے ہو اور میرے ساتھ انصاف کرتے ہو تو یہ تمہارے لیے سعادت کی بات ہوگی اور تم پر میرا کوئی زور نہیں ہے اور اگر تم میری نصیحت قبول نہیں کرتے ،توتم اپنے (خود ساختہ)آقائوں کے ساتھ مل کر سازش کو پختہ کرلو پھر تمہیں اپنے فیصلے میں کوئی تذبذب باقی نہ رہے ،پھر تم جو کچھ میرے خلاف کرسکتے ہو ،وہ کر گزرو اورمجھے مہلت نہ دو،(یونس:71)‘‘۔’’بے شک میرا مددگار اللہ ہے ،جس نے یہ کتاب نازل کی ہے اور وہ نیک لوگوں کی مدد کرتا ہے، (الاعراف:196)‘‘۔جب آپ کی بہنوں اور بیٹیوں نے یہ سنا تو وہ بلند آواز سے رونے لگیں ، اس پر آپ نے کہا: اللہ تعالیٰ ابن عباس پر رحم فرمائے، انہوں نے مجھے مشورہ دیاتھا کہ اپنے ساتھ خواتین کو لے کر نہ جائیں اور معاملات درست ہونے تک ان کو مکہ میں رہنے دیں ،پھر اپنے بھائی عباس کو بھیجا تو اس نے ان کو خاموش کردیا،پھر آپ نے لوگوں کو اپنی(ذاتی) فضیلت، نسب کی عظمت ،مرتبے کی بلندی اور بزرگی بیان فرمائی، آپ نے فرمایا:اپنے ضمیر کو ٹٹولو اور اپنامحاسبہ کرو ،کیا تمہارے لیے مجھ جیسے شخص کا قتل جائز ہے اور میں تمہارے نبی کی بیٹی کا بیٹا ہوں ، روئے زمین پر میرے سوا کسی نبی کی بیٹی کا کوئی بیٹا نہیں ، علی رضی اللہ عنہ میرے والد ہیں ، جعفر ذو الجناحین رضی اللہ عنہ میرے چچا ہیں ، حمزہ سید الشہداء رضی اللہ عنہ میرے والد کے چچا ہیں ، میرے اور میرے بھائی کے بارے میں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے :’’یہ دونوں جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں،اگر تم میری بات کی تصدیق کرتے ہو تو میں سچ کہتا ہوں ، اللہ کی قسم! جب سے میں نے جانا ہے کہ اللہ تعالیٰ جھوٹ پر ناراض ہوتا ہے، میں نے جھوٹ نہیں بولا ،اگر ایسا نہیں ہے تو رسول اللہ ﷺ کے اصحاب سے اس بارے میں پوچھ لو ، حضرات جابر بن عبداللہ ،ابوسعید خدری ،سہل بن سعد،زید بن ارقم اور انس بن مالک رضی اللہ عنہم تمہیں اس بارے میں بتادیں گے ،تم پر افسوس ہے ،کیا تم اللہ سے نہیں ڈرتے ،کیا یہ میرا خون بہانے سے تمہارے لیے رکاوٹ نہیں ہے،تو اس وقت شَمِرُ بنُ ذی الجَوشَن نے کہا:وہ ایک کنارے پر کھڑا ہوکر اللہ کی عبادت کرتا ہے ،اگر میں جانتا ہوں کہ وہ کیا کہتے ہیں،تو حبیب بن مطہر نے اس کو جواب دیا:خدا کی قسم اے شمر! تم ستر کناروں پر کھڑے ہوکر اللہ کی عبادت کرتے ہو ، اللہ کی قسم!جو وہ کہہ رہے ہیں ہم جانتے ہیں اور بے شک تیرے دل پر مہر لگ چکی ہے ، پھر امام عالی مقام نے فرمایا:’’لوگو! مجھے چھوڑدو تاکہ میں ایسی جگہ لوٹ جائوں جہاں میرے لیے امان ہو اورکوئی خوف وخطر نہ ہو، انہوں نے کہا: آپ اپنے چچازاد کی بیعت کیوں نہیںکرتے ،تو آپ نے فرمایا:معاذاللہ! میں ہر متکبر سے جو حساب کے دن پر ایمان نہیں رکھتا ،اپنے رب اور تمہارے رب کی پناہ میں آتا ہوں، (غافر:27)‘‘۔پھرآپ نے اپنی سواری کو بٹھایا اور عقبہ بن سمعان کو حکم دیا تو اس نے سواری کو باندھ دیا ،پھر فرمایا: مجھے بتائو کیا میں نے تم میںسے کسی کو قتل کیا ہے، جس کا تم مجھ سے مطالبہ کرتے ہویا میں نے تمہارا مال کھایا ہے یا کسی زخم کاقصاص مانگتے ہو ،اس پر وہ لوگ خاموش ہوگئے ۔راوی کہتا ہے: پھر آپ نے بلند آواز سے پکارا:اے شبیث بن رَبعی ،اے حجار بن اَبجُر،اے قیس بن الاَشعث ،اے زید بن الحارث ، کیا تم نے مجھے نہیں لکھا کہ پھل پک چکے ہیں اور درخت سبز ہوچکے ہیں ،آپ ہمارے پا س تشریف لائیں ،آپ ایک تیار فوج کے پاس تشریف لائیں گے ،انہوں نے کہا: ہم نے ایسا نہیں کہا، آپ نے فرمایا:خداکی قسم ! تم نے ایسا ہی کہا ہے، پھر فرمایا: لوگو! جب تم مجھے ناپسند کرتے ہو تو مجھے چھوڑدو تاکہ تمہارے پاس سے چلا جائوں ،تو قیس بن الاشعث نے کہا:تم اپنے چچا زاد کی بیعت کیوں نہیں کرتے وہ تمہیں تکلیف نہیں دیں گے اور آپ ان کو اچھا پائیں گے،امام حسین نے اس سے فرمایا:تم اپنے بھائی کے بھائی ہو ، کیا تم چاہتے ہو کہ بنوہاشم تم سے مسلم بن عقیل کے خون سے زیادہ کا مطالبہ کریں ،نہیں ِاللہ کی قسم! میں ذلیلوں کی طرح اس کی بیعت نہیں کروں گا اور نہ غلاموں کی طرح اس کو تسلیم کروں گا،(اَلْبِدَایَۃ وَالنِّہَایَۃ:ج:8،ص:180)‘‘۔
ستم یہ ہے کہ محبتِ حسین کے دعوے دار تو بہت ہیں اور اپنے اپنے انداز میں ان کی یاد بھی مناتے ہیں ،ان کا غم بھی تازہ کرتے ہیں اور مجالس بھی منعقدکرتے ہیں،مگر اُن کی اقدار کو زندہ کرنے والے آج بھی کم یاب بلکہ نایاب ہیں ، علامہ اقبال نے سچ کہا تھا :
قافلۂ حجاز میں، ایک حسین بھی نہیں
گرچہ تابدار ہے ،اب بھی گیسوئے دجلہ وفرات