پاکستان کا اصل مسئلہ

                جنابِ عمران خان 2011سے ایک ہی گردان دہرائے جارہے ہیں کہ پاکستان کا اصل مسئلہ کرپشن ہے، اسے اردو میں بدعنوانی کہتے ہیں اور اس کی مختلف صورتیں ہیں: رشوت کا لین دین ، ترقیاتی منصوبوں کی رقوم میں خوردبُرد، حکومتی مناصب پر تقرری میں اقربا پروری اور جانبداری یا بے جا رعایت،  اعلیٰ اور معیاری تعلیم کا قابلِ فروخت جنس بن جانا اور ملک کی سب سے بڑی منفعت بخش صنعت کا درجہ حاصل کرلینا لوئر مڈل کلاس اور زیریں طبقات کے انتہائی ذہین ،قابل ،محنتی اور باصلاحیت نوجوانوں کا صریح استحصال ہے، ذہانت ، اہلیت، قابلیت اور محنت کی جگہ دولت نے لے لی ہے۔ بے لاگ اور شفاف عدل کا فقدان، حکومتی اختیارات کا ناجائز استعمال ، نااہلوں کوحکومتی اور ریاستی مناصب کی تفویض ، ٹیکس کی تشخیص ، ادائیگی اور وصولی میں خیانت، سیاسی جماعتوں کی طرف سے امیدواروں کے انتخاب میں علم ، اہلیت ، دیانت وامانت ، تقویٰ اور کردار کے بجائے بارسوخ ،دولت مند اور قابلِ انتخاب امیدواروں کو ترجیح دینا ، کیونکہ سیاست پراب دولت مند طبقات کی اجارہ داری قائم ہوگئی ہے ۔سیاست اب بہت بڑی سرمایہ کاری ہے اور ظاہر ہے کہ سرمایہ دار سرمایہ لگاکر مع منافع وصول کرنے کا عادی ہوتا ہے ۔

                اس پر بھی عالمی ماہرین کا اتفاق ہے کہ موجودہ دنیا میں کوئی بھی معیشت یا کسی بھی ملک کانظامِ حکومت کرپشن سے بالکل پاک نہیں ہے، البتہ اُس کی مقدار اور تناسب میں فرق ہوسکتا ہے اور بعض جائزہ لینے والے عالمی ادارے اس کی سالانہ جائزہ رپورٹ شائع کرتے رہتے ہیں کہ کس ملک میں کرپشن کا گراف کتنابڑھا ہے اور کس ملک میں اس میں کمی آئی ہے اور کونسا ملک ہے جو ایک خاص سطح پر قائم ہے، حتیٰ کہ امریکہ کو بھی کسی نے کرپشن فری قرار نہیں دیا۔ جنابِ عمران خان نے بھی اپنی حکمرانی میں کوئی اعلیٰ مثال قائم نہیں کی ، بائیس تئیس کروڑ پاکستانیوں کو نالائق گردان کر بیرونِ ملک سے وہ افراد درآمد کیے ، جنھوں نے ان پر سرمایہ لگایا تھا اور پھر انھیں مناصب عطا کیے، کرپشن کا چلن بھی حسبِ سابق رہا ، صرف انھوں نے یہ حربہ کامیابی سے استعمال کیا کہ اپنی حکمرانی کے لیے جوابدہ بننے کے بجائے اپنے مخالف سابق حکمرانوںپر یلغار جاری رکھی، الغرض شروع سے اُن کاموٹو رہا ہے کہ ’’جارحیت بہترین دفاع ہے ‘‘اور وہ تاریخ کے پہلے حکمران ہیں جنہوں نے حکومت میں رہتے ہوئے اپوزیشن کو دبائو میں رکھا ، حالانکہ عام طور پر صورتِ حال اس کے برعکس ہوتی ہے۔

                الغرض پاکستان کے اصل اقتصادی مسئلے کی تمام ذمے داری کرپشن پر نہیں ڈالی جاسکتی، البتہ اسے بہت بڑا عنصر قرار دیا جاسکتا ہے۔ اصل مسئلہ آمد اور خرچ میں عدم توازن ہے، حکومتی اور ریاستی مصارف کا آمدنی سے زیادہ ہونا اور آمد وخرچ میں پیدا شدہ خلا کو سودی قرضوں سے پُر کرنا ، یہ بیماری پاکستان کی پوری تاریخ پر محیط ہے اورپی ٹی آئی حکومت کے ساڑھے تین سالہ دور میں نہ برسرِ زمین ترقیاتی کام ہوئے اور نہ کوئی میگا پروجیکٹ لانچ کر کے پایۂ تکمیل تک پہنچائے گئے ،اس کے باوجودماضی کی تمام حکومتوں کے مقابلے میں اس حکومت کے دور میں قرضوں کی شرح سب سے زیادہ رہی ہے۔اب ہم اس مرحلے کے قریب ہیں کہ ہمارے داخلی اور خارجی قرض ہماری مجموعی داخلی آمدنی(GDP) کے برابر ہونے والے ہیں، اس کے نتیجے میں قرضوں سے عہدہ برآ ہونے کی ہماری صلاحیت مفقود ہوجائے گی ۔ ایک ماہرِ معیشت کہہ رہے تھے: ’’Bankruptcyیا دیوالیہ پن کا اطلاق افراد ، کارپوریشنوں اور مالیاتی اداروں پر ہوتا ہے، ملک Bankrupt نہیں ہوتے، بلکہ Defaultکرجاتے ہیں ، یعنی نادہند قرار پاتے ہیں‘‘۔

                ایک اورماہرِ معیشت نے کہا:’’آپ امریکہ کو لاکھ ملامت کریں، اس کی مذمت میں نعرے لگائیں ، اسے برا کہیں ، لیکن آئی ایم ایف ، ورلڈ بنک ، ایشین ڈویلپمنٹ بنک ، چین، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور دیگر وہ تمام سرچشمے جہاں سے ہمیں زرِمبادلہ کی شکل میں سہارا مل سکتا ہے، اِن سب کی کنجی واشنگٹن کے پاس ہے‘‘۔ہمارے رواں مالی سال (2021-2022) کے بجٹ میں بھی کُل مجوّزہ آمدنی اور کُل متوقع اخراجات کے درمیان ڈھائی سے تین ہزار ارب روپے کا خلا ہے، جسے قرض سے پُرکرنا ہوگا۔

                سو ہمارے مسائل کا اصل حل اپنے اخراجات کو اپنی آمدنی کے مجموعی تخمینے کے اندر رکھنا ہے ، جس میں قرضوں کی ادائیگی کی اقساط بھی شامل ہوں۔ اس کے لیے سیاسی قائدین اور ماہرینِ معیشت کو مل بیٹھنا ہوگا اور اتفاقِ رائے سے حکمتِ عملی ترتیب دینی ہوگی اورحکومت کوئی بھی ہو، اس کی پابندی سب پر لازم قرار دینی ہوگی۔ دفاع سمیت اپنے تمام شعبوں کے اخراجات کو کم کرنا ہوگا، کچھ عرصے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو روکنا ہوگا ، نیز قومی آمدنی کے ذرائع کو بڑھانا ہوگا ، برآمدات میں غیر معمولی اضافہ کرنا ہوگا تاکہ زرِ مبادلہ کی ادائیگیوں کا توازن قابو میں رہے ۔

                پی ٹی آئی کی حکومت نے تعمیری صنعت کو ہدف بنایا اور اس کے لیے مراعات کے دروازے کھول دیے، یہ بھی کھلی اجازت دیدی کہ ہائوسنگ کی صنعت میں صَرف کی جانے والی دولت کے ذرائع کی بابت کوئی باز پرس نہیں ہوگی۔ پورے ملک میں ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ منصوبوں کا جال اتنی تیزی سے پھیل رہا ہے کہ آئندہ پچیس سے پچاس سال کے درمیان زراعت کے لیے زمین کی قلّت محسوس کی جانے لگے گی، کیونکہ تعمیرات اُفقی (Horizontally)سطح پر بے تحاشاپھیل رہی ہیں ، جبکہ کم آمدنی والوں کے لیے عمودی سطح(Vertically) کی کالونیاں بنائی جانی چاہییں تاکہ کم جگہ پر زیادہ سے زیادہ آبادی کو سمویاجاسکے اور بجلی ، گیس ، آب رسانی، سیوریج ، سڑکوں، تعلیمی اداروں ، اسپتالوں ، مساجد اور کھیل کے میدانوں وغیرہ کے لیے منصوبہ بندی نسبتاً آسان ہو۔

                ملکی معیشت اس حدتک زوال کا شکار ہوچکی ہے کہ اصلاحِ احوال کے لیے کوئی مختصر المیعاد منصوبہ کارگر ثابت نہیں ہوسکتا، اسی طرح کمزور قیادت بنیادی اور دیرپا اصلاحات کی سیاسی قیمت ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوتی ، کیونکہ سیاسی جماعتوں کی نظر آنے والے انتخابات پر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اپنی حکومت کو ڈانواں ڈول دیکھ کر اُس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے گیس، بجلی ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آئندہ بجٹ تک منجمد کردیں اور تحریکِ عدم اعتماد کے بعد آنے والی حکومت بھی اس حوالے سے مشکل فیصلے نہیں کرپارہی ، جبکہ تمام ماہرینِ معیشت کا اس پر اتفاق ہے کہ ملکی معیشت کو پہلے بحالی اور پھر ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لیے مشکل ، دیرپا اور ناپسندیدہ فیصلے کرنے ہوں گے اور ان کے اثرات بھی فوری ظاہر نہیں ہوں گے، بلکہ اس میں کچھ وقت لگے گا۔

                شہباز شریف صاحب کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ وہ اب پاکستان کے وزیر اعظم ہیں ، لہٰذا کپڑے بیچ کر آٹا سستا کرنے یا اس طرح کے جذباتی اعلانات نہ صرف بے معنی ہوتے ہیں، بلکہ قیادت کی فکری ناپختگی کا تاثر دیتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کا یہ مطالبہ بجا ہے کہ اگر مشکل اور دیرپا فیصلے کرنے ہیں تو اسٹبلشمنٹ سمیت حکومتی اتحاد میں شامل تمام فریقوں کوسامنے آکر اس کی ذمے داری لینی ہوگی اور لازم ہوگا کہ قوم کے سامنے معیشت کی حقیقی تصویر رکھی جائے۔ اس کے لیے وفاقی اور صوبائی ترقیاتی بجٹ میں معتدبہ تخفیف کرنی ہوگی اور صرف جاری منصوبوں کی تکمیل پر اکتفا کرنا ہوگا ۔ اس ابہام کو بھی ختم کرنا ہوگا کہ آیاحکومت بقیہ میعاد پوری کر کے 2023میں مقررہ وقت پر انتخاب کرائے گی ، کیونکہ جلد یا سالِ رواں کے آخر میں انتخابات کرانے کی صورت میں حکومت مشکل اور دیرپا فیصلے نہیں کر پائے گی اور اس کے نتیجے میں معیشت مزید زوال کا شکار ہوگی اورملک خدانخواستہ ڈیفالٹ کی طرف جاسکتا ہے۔ اسی طرح قیمتی گاڑیوں اور سامانِ تعیّش کی درآمد پرمکمل پابندی لگانی ہوگی ، صرف عوام کی بنیادی ضروریات سے متعلق اشیاء یابرآمدی صنعتوں کی ضروریات کے لیے مشینری اور خام مال کی درآمد کی اجازت ہونی چاہیے۔

                حکومت ویسے بھی جامد اور بے اثر محسوس ہورہی تھی ،سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے نے بے یقینی کی کیفیت میں اور اضافہ کردیا ہے۔صدرِ پاکستان بھی اپنے پارٹی سربراہ کی ہدایت پر نظام کو جامد اور مفلوج کیے ہوئے ہیں،پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلے کسی صدر نے نہیں کیا۔ صوبائی گورنروں کی تقرری کو بھی معرضِ التوا میں ڈال رکھا ہے،اس لیے صوبے آئینی سربراہ سے محروم ہیں۔آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑے صوبے پنجاب میں نظام تقریباً جامد ہے،ابھی تک صوبائی کابینہ تشکیل نہیں پاسکی،کیونکہ نئے گورنر کی تقرری تک کابینہ کی حلف برداری موقوف ہے۔ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی ہر پارٹی اپنے حسبِ منشا تشریح وتعبیر کر رہی ہے۔آئینی وقانونی ماہرین کی آراء منقسم ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کی ایک خاص قسم کی فعالیت نے بھی وفاقی انتظامیہ کو سکتے کے عالَم میں رکھا ہوا ہے۔

                صدارتی ریفرنس کے جواب میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے حالیہ فیصلے نے صورتِ حال کوبے حد پیچیدہ بنادیا ہے، اس وقت ابہام ہی ابہام ہے ، کسی کو معلوم نہیں کہ اصل طاقت کا مرکز کہاں ہے اور کون ہے جو ملک کو اس ابہام اور جمود سے نکال پائے گا۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی تیزرفتاری سے گراوٹ ، اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا تسلسل اس کا واضح ثبوت ہے۔ ایک بار پھر سابق صدر غلام اسحاق خان کی پشتو کہاوت یاد آرہی ہے، 1990میں جب انہوں نے بے نظیر حکومت کو معزول کیا اور چند وزراء تو مقرر کردیے ، لیکن وزیر اعظم کا تقرر نہ کیا تو اُن سے سوال ہوا :’’وزیر اعظم کا تقرر آئینی تقاضا ہے، لیکن آپ نے کسی کو وزیر اعظم نہیں بنایا‘‘، انھوں نے اس کے جواب میں پشتو کی ایک کہاوت بیان کی (نقلِ کفر ،کفر نباشد):’’(العیاذ اللہ!)کیا خدا ایسا پتھر بناسکتا ہے جسے خود نہ اٹھاسکے ‘‘ ، اُن کی مراد یہ تھی کہ جس وزیر اعظم کا تقرر میں کروں گا، وہ میری مرضی ہی کے تابع ہوگا، لیکن اب ہماری مقتدرہ نے 2018کے انتخابات کے نتیجے میں ایک ایسا’’ بھاری پتھر‘‘ تخلیق کردیا ہے ، جو اُن سمیت کسی سے اٹھایا نہیں جارہا اور نظام’’ گویم مشکل ونہ گویم مشکل ‘‘اور ’’نہ جائے رفتن ، نہ پائے ماندن‘‘ والی کیفیت سے دوچار ہے۔

View : 495

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.