محرم الحرام

        قمری سال(Lunar Calendar)کو سنِ ہجری یا اسلامی سال سے تعبیر کیا جاتا ہے ، اس کا سبب یہ ہے کہ اسلامی عبادات زکوٰۃ، روزہ اور حج کا تعلق قمری سال سے ہے ۔اسی طرح اگر کسی خاتون کا شوہر قمری سال کے کسی مہینے کی پہلی تاریخ کو وفات پا جائے تو چار قمری مہینے گزرنے کے بعد پانچویں قمری مہینے کی دس تاریخ پر اس کی عدّت ختم ہو جائے گی ، لیکن اگر وفات مہینے کے درمیان میں ہو تو عدّت کے ایک سو تیس دن پورے کیے جائیں گے ۔خاتم النبیّٖن سیّدُنا محمد رسول اللہ ﷺ کی بعثت سے پہلے عرب کسی اہم واقعے کی مناسبت سے اپنی تاریخ کو یاد رکھتے تھے ، جیسے کافی عرصے تک ’’واقعۂ اصحابِ فیل ‘‘اس کے لیے معیار بنا رہا ۔

        مسلمانوں کے تاریخی حوالے کے لیے ہجری کیلنڈر کا باقاعدہ استعمال رسول اللہ ﷺ کے دوسرے خلیفۂ راشد حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے کیا ، حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ حضرت عمر کی جانب سے یمن کے گورنرتھے، ان کے پاس حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے فرامین آتے تھے جن پر تاریخ درج نہیں ہوتی تھی، 17ہجری میں حضرت ابوموسیٰ اشعری کے توجہ دلانے پر حضرت عمر نے صحابۂ کرام کو جمع فرمایا اورمشاورت کے بعد قرار پایا کہ اسلامی کیلنڈر کی بنیاد واقعۂ ہجرت کو بنایا جائے اور اس کی ابتدا ماہِ محرّم سے کی جائے، پس ہجری تقویم کا رائج کرنا حضرت عمر فاروق کی اولیات میں سے ہے۔

        یہاں ایک غلط فہمی کا زالہ ضروری ہے : اسلامی قمری سال سے کوئی یہ نہ سمجھے کہ اس کے مقابل شمسی سال غیر اسلامی ہے ،ہماری عبادات میں سے نماز کے اوقات ، روزے کے سحرو اِفطار کے اوقات اور مناسکِ حج کے بعض اُمور بھی شمسی نظام سے متعلق ہیں :جیسے نو ذوالحجہ کو وقوفِ عرفہ کے لیے طلوعِ آفتاب کے بعد منیٰ سے عرفات کے لیے روانہ ہونا، غروبِ آفتاب کے بعد عرفات سے مزدلفہ کے لیے روانہ ہونا اور دس ذوالحجہ کوطلوعِ آفتاب سے کچھ قبل مزدلفہ سے منیٰ کے لیے روانہ ہونا، وغیرہ ، یہی صورتِ حال رمی ِ جمرات کے اوقات کی ہے ۔ دراصل نظامِ شمس و قمر دونوں اللہ کی تخلیق ہے،،اللہ تعالیٰ کے حکم اور اس کے مقررہ تکوینی نظام (Cosmological System) کے تابع ہیں ، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ،(1)’’سورج اور چاند (اللہ تعالیٰ کے مقررہ ) ضابطے کے پابند ہیں اور زمین پر بچھا ہوا سبزہ اور( اپنے تنے پر کھڑے) درخت (اپنی اپنی نوع کے مطابق اللہ تعالیٰ کے حضور ) سجدہ ریز ہیں ، (الرحمن :5-6)‘‘، (2) ’’اور سورج اپنے مقررہ راستے پر رواں دواں ہے ، یہ بہت غالب بے حد علم والے (خالق ) کا بنایا ہوا نظام ہے اور چاند کے لیے ہم نے منزلیں مقرر کی ہیں ، یہاں تک کہ (مہینے کے آخر میں وہ ) کھجور کی پرانی شاخ کی طرح ہو جاتا ہے ، نہ تو سورج کی مجال ہے کہ (چلتے چلتے)چاند کو جا پکڑے اور نہ رات دن سے پہلے آ سکتی ہے اور سب سیارے اپنے اپنے مدار میں تیر رہے ہیں ، (یٰس : 38-40)‘‘، (3)’’اور ہم نے رات اور دن کو(اپنی قدرت کی) دو نشانیاںبنایا ،پھر ہم نے رات کی نشانی کو مٹایا(یعنی چاند کی روشنی کو ماند کردیا) اور دن کی نشانی کو دیکھنے کے لیے معاون بنایا تاکہ تم اپنے رب کے فضل کو حاصل کرسکو اور(گردشِ لیل ونہار سے) تم سالوں کی گنتی اور (دوسرے معاملات کا)حساب جانواورہم نے ہر چیز کو تفصیل سے بیان کردیا ہے، (بنی اسرائیل:12)‘‘۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے شمسی تقویم کو بھی برسوں کی گنتی اور حساب کا معیار قرار دیا ہے، اس لیے اگرانسان اپنے دنیاوی معاملات کا نظام شمسی کیلنڈر کے حساب سے مرتّب کرے تو یہ بھی اسلام کے مطابق ہے۔ 

        اللہ تعالیٰ کے تکوینی نظام میں ابتدائے آفرینش سے سال بارہ مہینوں پر مشتمل رہا ہے ، ارشادِ باری تعالیٰ ہے : ’’بے شک   اللہ کی کتابِ (تقدیر) میں ، جس دن سے اس نے آسمانوں اور زمینوں کو پیدا کیا ، (سال بھر کے) مہینوں کی تعداد بارہ ہے ، ان میں سے چار مہینے حُرمت والے ہیں ،یہی دینِ مستقیم ہے ، (التوبہ : 36)‘‘ ۔

        ملتِ ابراہیمی میں چار مہینے حُرمت والے چلے آرہے تھے ،ان میں جنگ و جدال کو ممنوع قرار دیا گیا تھا ، اس کی تفصیل حدیث ِ پاک میں ان الفاظ میں بیان ہوئی : ’’سال بارہ مہینے کا ہے ، ان میں سے چار حُرمت والے ہیں ، تین تو متواتر آتے ہیں یعنی ذوالقعدہ ،ذوالحجہ اور محرم الحرام اور ایک مہینہ’’ رجبِ مُضَر‘‘ ہے جو جمادی الثّانیہ اور شعبان المعظم کے درمیان واقع ہوتا ہے ،(بخاری : 4662)‘‘۔

        اِن حُرمت والے مہینوں میں ایک مہینہ مُحرم الحرام کا ہے ،جو ابتدائے آفرینش سے ہی حُرمت والاہے ،اِس ماہ کا ایک دِن جسے یومِ عاشور (دس محرم ) کہاجاتاہے،عشر سے مشتق ہے ،جس کے معنیٰ ’’دس ‘‘کے ہیں ،عاشورسے مراد ماہِ مُحرم کا دسواں دن ہے ۔بعض اہلِ علم کاقول یہ ہے کہ اس دن کو عاشوراِس لیے کہتے ہیں کہ اِس دن میں اللہ تعالیٰ نے دس انبیائے کرام علیہم السلام پر اپنی خصوصی نعمتوں کا نزول فرمایا ، اس کی تفصیل حسبِ ذیل ہے :ـ

(۱)  زمین پر اترنے کے بعد حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی،(۲)طوفانِ نوح تھم جانے کے بعد حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی سلامتی کے ساتھ کوہِ جودی پر کنارے لگی ،(۳) حضرت موسیٰ علیہ السلام اور اُن کی قوم کو فرعون اور فرعونیوں سے نجات ملی اور وہ سمندر میں غرق ہوئے ، (۴) حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت ہوئی اور انہیں آسمانوں پر اٹھایاگیا،(۵) حضرت یونس علیہ السلام کو مچھلی نے صحیح سالم ساحل پر اُگل دیا اور اِسی دن اُن کی اُمّت کا قصور معاف ہوا ،(۶) حضرت یوسف علیہ السلام کو صحیح سالم کنویں سے باہر نکالاگیا ،(۷) حضرت ایوب علیہ السلام کوطویل بیماری سے صحت یابی ملی،(۸) حضرت ادریس علیہ السلام کو آسمانوں پر اٹھالیا گیا ،(۹) حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ولادت ہوئی اور اِسی دن اُن پر نارِ نمرود گلزار ہوئی ،(۱۰) حضرت سلیمان علیہ السلام کو ملک عطاہوااور سلطنت سے نوازا گیا ۔ یہ روایات ہیں ، حقیقتِ حال اللہ تعالی بہتر جانتا ہے ۔

امام احمد بن حسین بیہقی لکھتے ہیں:

’’ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کی : یا رسول اللہ ﷺ! اللہ تعالیٰ نے ہمیں یومِ عاشور کی فضیلت دی ہے ،آپ ﷺ نے فرمایا: ہاں! اللہ تعالیٰ نے آسمانوں کو یومِ عاشورمیں پیداکیا اور اِسی طرح زمینوں آسمانوں ، عرش ،کرسی اورلوح وقلم کو اسی دن پیدا کیا ، حضرت جبریل و ملائک اور حضرت آدم وحوا اور جنت کو اسی دن پیداکیااورانہیںاس میں ٹھہرایا ، اسی طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام یومِ عاشورکو پیداہوئے اور اسی دن اُنہیں نمرود کی آگ سے نجات ملی،(فضائل الاوقات،ص:441)‘‘۔ الغرض سانحۂ کربلا سے پہلے بھی یومِ عاشور کو مُکرم ومُعظم ماناجاتاتھا ،ایک حدیث شریف کی رُو سے قیامت بھی دس مُحرم جمعۃ المبارک کو وقوع پذیر ہو گی ۔ اِ س دن کے روزے کی فضیلت بھی احادیث میں آئی ہے :

         (1)’’حضرت عبداللہ بن عباس بیان کرتے ہیں : رسول اللہ ﷺجب مدینہ تشریف لائے تو آپﷺ نے دیکھا : یہود یومِ عاشور کاروزہ رکھتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے ان سے دریافت فرمایا:اِس دن تمہارے روزہ رکھنے کا سبب کیا ہے،انھوں نے جواب دیا :یہ ایک عظیم دن ہے، اللہ تعالیٰ نے اِس دن حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کی قوم کو نجات دی اور فرعون اور اس کی قوم کو غرق کردیا ،توحضرت موسیٰ علیہ السلام نے (اللہ تعالیٰ کی اس نعمت کا) شکراداکرنے کے لیے اِس دن کا روزہ رکھا اور ہم بھی (ان کے اتباع میں) اس دن کا روزہ رکھتے ہیں ، سورسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہاری بہ نسبت حضرت موسیٰ علیہ السلام سے ہماری(نظریاتی) قربت زیادہ ہے اور ہم اس بات کے زیادہ حق دار ہیں(کہ ان کی قائم کردہ سنّت کوجاری رکھیں)،چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے خود بھی اس دن کا روزہ رکھا اورصحابۂ کرام کو بھی اس کا حکم فرمایا ، (مسلم :1130)‘‘،(2)’’ حضرت ابن عباس بیان کرتے ہیں : جب رسول اللہ ﷺ نے یومِ عاشورکا روزہ رکھا اورصحابہ کو بھی اس کا حکم فرمایا، توانھوں نے عرض کی:یارسول اللہ ! یہود ونصاریٰ اس دن کی تعظیم کرتے ہیں ،آپ ﷺ نے فرمایا: جب آئندہ سال آئے گا ،توان شاء اللہ ہم نوودس محرم(دودن) کا روزہ رکھیں گے (تاکہ یہود کے ساتھ مشابہت نہ رہے)، (مسلم:1134)،(3) ’’آپ ﷺ نے فرمایا: رمضان کے روزوں کے بعد اللہ کے حُرمت والے مہینے محرم کے روزوں کی فضیلت سب سے زیادہ ہے ، ( ترمذی :740)‘‘،(4)’’حضرت علی رضی اللہ عنہ سے ایک شخص نے سوال کیا: رمضان کے روزوں کے بعد ایسا کون سامہینہ ہے، جس کے روزے رکھنے کا آپ مجھے حکم فرماتے ہیں؟،آپ نے فرمایا:میں نے اس کے بارے میں کسی کو سوال کرتے ہوئے نہیں سنا ، سوائے ایک شخص کے :اس نے رسول اللہ ﷺ سے یہی سوال کیا تھا اور میں اس وقت آپﷺ کے پاس بیٹھا ہوا تھا، اس نے عرض کی: یارسول اللہ !ماہِ رمضان کے روزوں کے بعد ایساکون سا مہینہ ہے، جس کے روزے رکھنے کا آپ مجھے حکم فرماتے ہیں ،آپ ﷺ نیفرمایا:اگر تم رمضان کے روزوں کے بعد( نفلی ) روزے رکھنا چاہتے ہوتو محرم کے روزے رکھو،کیونکہ یہ اللہ کا مہینہ ہے،اللہ تعالیٰ نے اس میں ایک قوم کی توبہ قبول فرمائی اور بعد میں آنے والوں کی توبہ بھی اس مہینے میں قبول فرمائے گا،( ترمذی: 741)‘‘۔

        (5)’’ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں : قریش زمانۂ جاہلیت میں یومِ عاشور کا روزہ رکھتے تھے ،پھر رسول اللہ ﷺ نے (عہدِ اسلام میں )اس کا روزہ رکھنے کا حکم فرمایا،یہاں تک کہ(پھر) رمضان کے روزے فرض ہوگئے ،تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:(اب ) جوشخص چاہے (نفل کے طور پر)یومِ عاشور کا روزہ رکھے اور جو چاہے نہ رکھے،(مسلم :1125)‘‘۔ اس حدیث سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ابتدائے اسلام میں یوم ِ عاشور کا روزہ واجب تھا، بعد میں اب اس کی حیثیت نفلی روزے کی ہے ۔لہٰذا جن احادیثِ مبارکہ میں یومِ عاشور کا روزہ رکھنے کا حکم فرمایا ہے ، وہ سنّت و استحباب کے درجے میں ہے ۔ پھر 61ہجری میں سانحۂ کربلا محرم الحرام کا سب سے بڑا عنوان قرار پایا ،اس ماہ کے شروع ہوتے ہی ہر مسلمان کے ذہن میں امام عالی مقام اور اُن کے اعوان وانصار رضی اللہ عنہم کی بے مثال قربانیوں کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔

View : 928

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.