امام احمد رضا کا نعتیہ کلام اور عظمتِ مصطفی ﷺ

                امام احمد رضا قادری کا نعتیہ کلام شاعرانہ تخیل نہیں ہے، بلکہ آیاتِ قرآنی اور احادیث نبویہ کی ترجمانی ہے اورمقدّساتِ دین کی محبت کا درس ہے، واقعات اور احادیثِ مبارکہ کوآپ نے اس طرح کمالِ اختصار کے ساتھ بیان کیا کہ گویا دریا کو کوزے میں بند کردیا ہے ، اس سے اُن اشعار کے سننے اور پڑھنے کا لطف دوبالا ہوجاتا ہے، حدیث میں ہے: ’’بے شک میری اور تمہاری مثال اُس شخص کی سی ہے جس نے آگ جلائی ، جب اس کاماحول روشن ہوگیا تو پروانے اورکیڑے مکوڑے اس میں گرنے لگے اور وہ انہیں نکالنے لگا ، مگر وہ اس پرغالب آگئے اور آگ میں گھستے چلے گئے ، سو میں بھی تمہیں کمر سے پکڑ کر آگ میں گرنے سے بچا رہا ہوں اور وہ اس آگ میں گرے جارہے ہیں، (بخاری: 6483)‘‘۔قرآنِ کریم میں بھی یہی آیا ہے :’’اور اپنے اوپر اللہ کی اُس نعمت کو یاد کرو کہ جب تم آپس میں دشمن تھے ،تو اس نے تمہارے دلوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ دیا تو اس کے فضل سے تم آپس میں بھائی بھائی بن گئے اور تم آگ کے گڑھے کے کنارے تھے (اور اس میں گرا ہی چاہتے تھے )کہ اُس نے تمہیں بچالیا، (آل عمران:103)‘‘۔ امام احمد رضا نے اسی کیفیت کواشعار میں بیان کیا :

آستینِ رحمتِ عالَم اُلٹے کمرِ پاک پہ دامن باندھے

گرنے والوں کو، چہِ دوزخ سے صاف الگ کھینچ لیا کرتے ہیں

                ’’چَہ‘‘چاہ کا مخفف ہے ،اس کا معنی کنواں یا گڑھا ہے۔

                حضرت انس بیان کرتے ہیں:میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا : عصر کی نماز کا وقت آگیا ، لوگ وضو کے لیے پانی تلاش کرنے لگے لیکن نہ پایا، پھر وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس کچھ پانی لے کر آئے تو آپ ﷺ نے اپنا دستِ مبارک اس برتن میں رکھا اور لوگوں کو حکم دیاکہ وضو کرو،( انس بیان کرتے ہیں:)پھر میں نے دیکھا کہ آپ کی انگلیوں کے نیچے سے پانی ابل رہا ہے ،یہاں تک کہ تمام لوگوں نے وضو کرلیا، (بخاری:169)‘‘۔ امام احمد رضا نے اس معجزے کو ان الفاظ میں بیان کیا :

انگلیاں پائیں وہ پیاری پیاری، جن سے دریائے کرم ہیں جاری

جوش پر آتی ہے غمخواری، تشنے سیراب ہوا کرتے ہیں

                حضرت معاویہ نے بیان کیا : میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: جس شخص کے ساتھ اللہ تعالیٰ خیر کا ارادہ فرماتا ہے، اسے دین میں فقاہت(سمجھ) عطا فرماتا ہے، میں توصرف تقسیم کرنے والا ہوں ،نعمتیں عطا کرنے والا اللہ تعالیٰ ہے، (بخاری:71)‘‘۔ امام احمد رضااس حدیث کو ان کلمات میں منظوم فرماتے ہیں:

رب ہے مُعطی، یہ ہیں قاسم

رزق اُس کا ہے، کِھلاتے یہ ہیں

                یعنی درحقیقت نعمتیں عطا کرنے والااللہ تعالیٰ ہے اور رسول اللہ ﷺ اس کے دیے ہوئے اختیار سے اُن نعمتوں کو تقسیم فرماتے ہیں ۔

                (1) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’میرے اصحاب (آسمانِ ہدایت کے )ستاروں کی مانند ہیں، تم اُن میں سے جس کی پیروی کرو گے ،ہدایت کو پالو گے، (جامع بیان العلم وفضلہ:1760)‘‘۔(2)حضرت ابوذر بیان کرتے ہیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا:’’ میرے اہلِ بیت کی مثال ایسی ہے جیسے نوح علیہ السلام کی کشتی کی مثال اُن کی قوم میں تھی، سو جو اُس میں داخل ہوا ،وہ نجات پاگیا اور جو پیچھے رہ گیا وہ ہلاک ہوگیا، (المعجم الاوسط:5390)‘‘۔ ان دونوں احادیث کے مفہوم کو یکجا کر کے امام احمد رضا لکھتے ہیں:

اہلِ سنت کا ہے بیڑا پار، اصحابِ حضور

نجم ہیں ،اور نائو ہے عترت رسول اللہ کی

                یعنی ہمیں بحرِ ظلمات سے نجات کے لیے دونوں کی رہنمائی اور دونوں کا سہارا چاہیے ، ہم صحابۂ کرام سے بھی جڑے رہیں اور اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ذواتِ مقدسہ سے بھی اپنے رشتۂ عقیدت ومحبت کو قائم ودائم رکھیں ۔ہمیں یہ شعار تو قرآن نے سکھایا ہے کہ عظیم شخصیات میں باہم درجہ بندی یعنی تفاضُل ہوسکتا ہے ،مگر ہمارے لیے سب عظیم المرتبت ہیں اور سب کی تعظیم وتکریم  ہم پر لازم ہے،ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’یہ رسولوں کی جماعت ،ان میں سے ہم نے بعض کو بعض پر فضیلت عطا کی ہے ، (البقرہ: 253)‘‘۔ لیکن ہمیں کسی کی تنقیص یا توہین کی اجازت نہیں ہے ، یہ بدنصیب لوگوں کا شِعار ہے ،حضرت جابر بیان کرتے ہیں: رسول اللہ ﷺ سے جب بھی کسی چیز کا سوال کیا گیا توآپ نے جواب میں ’’نہ‘‘ نہیں کہا،( مسلم:2311) ‘‘،یعنی آپ ﷺ ہر سائل کی حاجت پوری فرماتے تھے ،امام احمد رضا لکھتے ہیں:

واہ کیا جودوکرم ہے شہِ بطحا تیرا

نہیں ،سنتا ہی نہیں ، مانگنے والا تیرا

دھارے چلتے ہیں عطا کے، وہ ہے قطرہ تیرا

تارے کھلتے ہیں سخا کے، وہ ہے ذرہ تیرا

مانگیں گے، مانگے جائیں گے، منہ مانگی پائیں گے

سرکار میں نہ ’’لا‘‘ ہے، نہ حاجت ’’اگر‘‘ کی ہے

                یعنی آپ ﷺ ہر ایک کی حاجت روائی فرماتے ہیں،ٹال مٹول یا گریز آپ کا شِعار نہیں ہے ،پس نہ کوئی آپ سے جواب میں ’’لَا‘‘ سنتاہے اور نہ اگر مگر کے حیلے بہانے سننے کو ملتے ہیں ، آپ کا بحرِ عطا اور آپ کی شفاعت کا در سب کے لیے کھلا رہتا ہے۔

                اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:’’اور اگریہ لوگ (اپنے کرتوتوںکے سبب )اپنی جانوں پر ظلم کر بیٹھیں ،تو(توبہ کے لیے)آپ کے حضورحاضر ہوں اور اللہ سے اپنے گناہوں کی بخشش مانگیں اوررسول بھی اُن کے لیے بخشش کی دعا کریں ،تو وہ یقینا اللہ کو توبہ قبول کرنے والا، رحم فرمانے والا پائیں گے، (النساء:64)‘‘،امام احمد رضانے اسی مفہوم کو منظوم کیا ہے:

مجرم بلائے، آئے ہیں، جآئُ وْکَ ،ہے گواہ

پھر ردّ ہو کب، یہ شان کریموں کے در کی ہے

                اللہ تعالیٰ نے فرمایا(1):’’ محمد(ﷺ) تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں، لیکن وہ اللہ کے رسول اور آخری نبی ہیں ، (الاحزاب:40)‘‘،(2): ’’آج میں نے تمہارے لیے تمہارا دین مکمل کردیا اور تم پر اپنی نعمت کو پورا کردیا اور تمہارے لیے اسلام کو (بہ طور) دین پسند فرمالیا، (المائدہ:3)‘‘، امام احمد رضا ان آیات کے مفہوم کو اس طرح بیان کرتے ہیں:

آتے رہے انبیاء،’’کَمَا قِیْلَ لَھُمْ‘‘

’’وَالْخَاتَمُ حَقُّکُمْ‘‘کہ خاتَم ہوئے تم

یعنی جو ہوا دفترِ تنزیل تمام

آخر میں ہوئی مہر کہ: اَکْمَلْتُ لَکُمْ

                 سورۂ بنی اسرائیل اور سورۂ النجم میں واقعۂ معراج کا ذکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نہایت رفعتِ شان اور اہتمام کے ساتھ آپ کو اپنے حضور بلایا اور اپنی ذاتِ اقدس کا بلاواسطہ دیدار کرایا ،جبکہ ایک موقع پر حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ سے التجا کی :’’اے میرے پروردگار! مجھے اپنادیدارعطافرماکہ میں تجھے دیکھوں ، فرمایا: تم مجھے ہرگز نہیں دیکھ پائو گے، (الاعراف:143)‘‘،جبکہ اپنے حبیب مکرّم ، خاتم النبیّٖن ﷺکے لیے فرمایا: ’’پھر اس کا جلوہ (اپنے حبیب کے )قریب ہواتوبہت ہی قریب ہوا ،(النجم:8)‘‘، ان مقاماتِ رفیعہ کو امام احمد رضاقادری نے اس طرح منظوم کیا ہے:

بڑھ اے محمد! قریں ہو احمد! قریب آ سرورِ   مُمَجَّدْ    

نثار جاؤں، یہ کیا ندا تھی، یہ کیا سماں تھا، یہ کیا مزے تھے

تبارک اللہ! شان تیری، تجھی کو زیبا ہے بے نیازی

کہیں تو وہ جوشِ لَنْ تَرَانِیْ، کہیں تقاضے وصال کے تھے

                قرآن کریم میں قیامت کی ہولناکی کو بیان کیا:’’پس جب آئے گی وہ کان پھاڑنے والی چنگھاڑ ،اُس دن ہر شخص اپنے بھائی سے بھاگے گا اور اپنی ماں اور باپ سے اور اپنی بیوی اور بیٹوں سے ، اُن میں سے ہر ایک کو اُس دن اپنی فکر لاحق ہوگی جو اُسے دوسروں سے بے پروا کردے گی ،(عبس:33-36)‘‘،امام احمد رضا قادری لکھتے ہیں: ایسے مشکل وقت میں شفاعتِ مصطفی ﷺکام آئے گی:

باپ جہاں بیٹے سے بھاگے

لُطف وہاں فرماتے یہ ہیں

ماں جب اکلوتے کو چھوڑے

آ آ کہہ کے بلاتے یہ ہیں

                 نبی کریم ﷺ نے فرمایا:مجھ سے جبریلِ امین نے کہا: میں نے زمین کے تمام اطراف واکناف اور گوشوں کو چھان مارا ہے، مگر نہ تو آپ سے بڑھ کر میں نے کسی کو افضل پایا اور نہ گھرانۂ بنو ہاشم سے بہتر کوئی گھرانہ پایا،(المعجم الاوسط:6285)‘‘،چنانچہ امام احمد رضا لکھتے ہیں:

یہی بولے سدرہ والے، چمنِ جہاں کے تھالے

سب ہی میں نے چھان ڈالے، تِرے پایہ کا نہ پایا

تجھے یک نے یک بنایا، تجھے حمد ہے خدایا

                امام احمد رضاقادری نے حسنِ مصطفی کے بے مثل وبے مثال ہونے کو اس طرح منظوم کیا:

وہ کمالِ حسنِ حضور ہے کہ گمانِ نَقص، جہاں نہیں

یہی پھول خار سے دور ہے، یہی شمع ہے کہ دھواں نہیں

مفہومی ترجمہ:’’رسول اللہ ﷺ کے حسن کا کمال یہ ہے کہ اس میں کسی قسم کے نقص یا عیب کاپایا جانا تو دورکی بات ہے، اس کا گمان بھی نہیں کیا جاسکتا، یہی ایسا پھول ہے جس کے ساتھ کانٹے نہیں ہوتے اور یہی ایسی شمع ہے کہ دھوئیں کی میل سے پاک ہے‘‘۔

                امام احمد رضا قادری نے مقامِ مصطفی ﷺ کی رفعتوں کو بیان کیا اور ہررفعت کو بیان کرنے کے بعد شانِ مصطفی ﷺ     کے لیے اُسے ناتمام جانااور آخر میں خلاصہ بیان کردیا:

لیکن رضا نے ختم سخن اس پہ کردیا

خالق کا بندہ، خلق کا آقا کہوں تجھے

View : 2275

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.