مقامِ محمود

                سیدنا محمد رسول اللہﷺ کے مقاماتِ عالیہ اور خصائصِ کبریٰ میں سے ایک اہم اعزاز ’’مقامِ محمود‘‘ ہے، اس کی بابت اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ’’اور رات کے کچھ حصے میں تہجد پڑھا کیجیے جو آپ کے لیے اضافی عبادت ہے،یقیناً آپ کا رب آپ کو مقامِ محمود پر فائز فرمائے گا، (بنی اسرائیل:79)‘‘۔

                اس آیت میں لفظِ ’’عَسیٰ‘‘آیا ہے جو امید کے معنی میں ہوتا ہے ، لیکن جب اس کلمے کی نسبت اللہ کی طرف ہو تو پھر وجوب کے معنی میں آتا ہے ،یعنی یقینا آپ کا رب آپ کو مقامِ محمود پر فائز فرمائے گا،مفسرین نے یہی معنی مراد لیاہے۔ ’’محمود ‘‘ کے لغوی معنی ہیں:’’ جس کی ہر لحاظ سے تعریف کی گئی ہو‘‘، شریعت کی اصطلاح میں اس سے مراد ’’مقامِ شفاعتِ کبریٰ‘‘ ہے۔

                 شفاعت کا اردومتبادل سفارش ہے، ہم نے شفاعت کی لغوی بحث سے اعراض کیاہے تاکہ تحریر قارئین کے لیے ثقیل نہ ہوجائے ،شریعت میں شفاعت کے معنی ہیں:’’رسول اللہ ﷺ کا اللہ کے مقبول بندوں کے لیے درجات کی بلندی،صغیرہ گناہوں کی معافی ، گناہگاروں کے لیے کبیرہ گناہوں کی مکمل معافی یا عذاب میں تخفیف کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ،استغفار اور سفارش کرنا‘‘،پس یہ شفاعت ہر ایک کے حسبِ حال ہوگی۔ محشر میں سب انبیائے کرام،صدیقین،شہداء ،صلحاء،مؤمنین،مشرکین، کفار،  منافقین، فساق وفجارالغرض سارے انسان جمع ہوں گے اور میزانِ عدل قائم ہونے میں تاخیر ہوگی ، یہ مرحلہ سب کے لیے انتہائی تکلیف کا باعث ہوگا، سب کی تمنا ہوگی کہ اللہ تعالیٰ کے حضور کوئی وسیلہ بنے اور یہ عبوری مرحلہ آگے کی طرف بڑھے ، قرآنِ کریم میں میدانِ حشر کی ہولناکی کو بیان کیاگیا ہے:

                 (۱)’’بے شک تمہارے رب کے نزدیک ایک دن ایسا ہے جو تمہاری گنتی کے مطابق ایک ہزار سال کی مانند ہے، (الحج:47)‘‘،(۲)’’اُس دن کی مقدار پچاس ہزار برس ہے، (المعارج:4)‘‘۔ان آیات کی رو سے روزِقیامت کی طوالت ایک ہزار سال یا پچاس ہزار سال کے برابر ہوگی یا یہ کہ وہ اس قدر ہولناک ہوگا کہ ایک لمحہ ہزاروں سال کے برابر محسوس ہوگا۔ انسان کی فطرت ہے کہ انتہائی کرب کے عالَم میں ایک لمحہ بھی برسوں کے برابرمحسوس ہوتاہے اور عیش وراحت کے عالَم میں لگتا ہے کہ کئی برس پلک جھپکتے  میں گزر گئے،قرآنِ کریم میں ہے:’’اور قیامت کا معاملہ صرف ایک پلک جھپکنے کی مانند یا اُس سے بھی قریب ہوگا، (النحل:77)‘‘۔ رسول اللہ ﷺ سے المعارج:4کے حوالے سے پوچھا گیا:پھرتو یہ دن بہت ہی طویل ہوگا،آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اس ذات کی قسم جس کے قبضہ وقدرت میں میری جان ہے، مومن پر اسے ہلکا کردیا جائے گا، حتیٰ کہ اُسے اتنا خفیف محسوس ہوگا جیسے دنیا میں ایک فرض نماز کا وقت ہوتا ہے، (مسند امام احمد:11717)‘‘۔

                الغرض زمان ومکان ایک ہوگا، لیکن ہر ایک پر اس کے اعمال کے مطابق بیت رہی ہوگی،آپ ﷺ نے فرمایا:’’ قیامت کے دن سورج مخلوق کے قریب ہوگا ، لوگ اپنے اعمال کے اعتبار سے اپنے پسینے میں ڈوبے ہوں گے، کسی کا پسینہ ٹخنوں تک ، کسی کا گھٹنوں تک ، کسی کا کمر تک اور کسی کالگام کی مانند منہ تک پہنچا ہوگا،( مسلم: 2864)‘‘۔ ایسا ممکن ہے کہ انبیائے کرام اور اللہ تعالیٰ کے مقربین کو وہ دن پل بھرکی مانند محسوس ہو ،پھر بھی انسان چاہتا ہے کہ عبوری منزل سے گزر کر اپنے مستقل مقام پر جاپہنچے۔

                بخاری کی ایک طویل حدیث کا خلاصہ ہے :’’ اہلِ محشر مصیبت کے عالم میں کسی شفیع اور وسیلے کی تلاش میں سرگرداں ہوں گے، وہ باری باری حضراتِ آدم ،ابراہیم ،موسیٰ اور عیسیٰ علیہم السلام سے رجوع کرتے ہوئے بالآخر رحمۃ للعالمین سیدنا محمد رسول اللہ ﷺکی بارگاہ میں حاضر ہوں گے ، ہر نبی یہ کہے گا:’’ آج بارگاہِ جلالت میں مجھے کچھ عرض کرنے کی مجال نہیں ہے، تم کسی اور کے پاس جائو‘‘، جبکہ آپ ﷺ فرمائیں گے : اس منصب کا اہل میں ہی ہوں۔ پھر آپ ﷺ کو اذنِ شفاعت عطا ہوگا ،اس عظیم منظر کو آپ یوں بیان فرماتے ہیں: ’’مجھے حمدِ باری تعالیٰ کے خاص کلمات اِلقا کیے جائیں گے ،میں ان کلمات سے اللہ کی حمد بیان کروں گا،پھر مجھ سے کہا جائے گا: اے محمد! سر اٹھائیے ،آپ جو کہیں گے، سنا جائے گا، آپ جو مانگیں گے، عطاکیا جائے گا، آپ کی شفاعت قبول ہو گی ‘‘، آخر میں ہے :آپ بنی اسرائیل:79کی تلاوت کرکے فرمائیں گے: ’’یہ وہ مقامِ محمود ہے جس کا اللہ نے تمہارے نبی سے وعدہ فرمایا ہے‘‘۔

ایک اور حدیث میں فرمایا: ’’ ہر نبی سے اللہ نے قبولیتِ دعا کا ایک وعدہ فرمایا ہے، ہر نبی نے جلدی سے اپنی مراد مانگ لی اور میں نے قبولیتِ دعا کے اس وعدۂ ربانی کو قیامت کے دن اپنی امت کی شفاعت کے لیے بچا کر رکھ لیا ہے،ان شاء اللہ میرا جو بھی امتی اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہرائے گا، وہ (اپنی باری پر)اس دعا سے مستفید ہوگا، ( مسلم:199)‘‘۔ یہ مقامِ محمود کی طرف اشارہ ہے : رسول اللہ ﷺ قبولیتِ دعاکے وعدۂ ربانی کا حوالہ دے کر قیامت کے دن گنہگارانِ امت کی شفاعت فرمائیں گے،آپ ﷺ نے فرمایا: ’’مجھے دوباتوں میں سے ایک کا اختیار دیا گیا:میں شفاعت کو اختیار کروں یا یہ کہ میری آدھی امت جنت میں داخل ہوجائے، پس میں نے شفاعت کو اختیار کیا، کیونکہ یہ عام ہے ، اس میں سب کے لیے کفایت ہے، تم سمجھ رہے ہوگے کہ صرف متقین کے لیے ہے،نہیں!بلکہ گناہگاروں، خطاکاروں اور معصیت میں آلودہ سب کے لیے ہے، (ابن ماجہ:4311)‘‘، علامہ حسن رضا قادری نے کہا:

کہیں  گے  اور  نبی : اِذْ ھَبُوْااِلٰی غَیْرِیْ                       مرے   حضور   کے   لب   پر  ’’اَنَا  لَھَا‘‘   ہوگا

                اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’عنقریب آپ کا رب آپ کو اتنا عطا فرمائے گا کہ آپ راضی ہوجائیں گے، (الضحیٰ:5)‘‘، علامہ قرطبی نے لکھا ہے:’’جب یہ آیت نازل ہوئی تو نبی ﷺ نے فرمایا: پھر تو جب تک کہ میرا ایک بھی امتی جہنم میں ہے، میں راضی نہیں ہوں گا‘‘،پھر فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ جبریلِ امین سے فرمائے گا: محمدﷺ کے پاس جائواور کہو:بے شک ہم آپ کو آپ کی امت کے بارے میں راضی کریں گے اور آپ کو رنج نہیں پہنچائیں گے، (مسلم:202)‘‘۔

                قرآنِ کریم میں شفاعت کی نفی اور اثبات دونوں طرح کی آیات موجود ہیں ، کالم میں ماہرینِ علم العقائد کی طویل بحثوں کی گنجائش نہیں ہوتی ،اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ’’سو اُن (مجرموں) کو شفاعت کرنے والوں کی شفاعت نفع نہ پہنچائے گی، (المدثر:48)‘‘، پھر فرمایا:(۱) ’’کس کی مجال ہے کہ اس کی بارگاہ میں سفارش کرے ،مگر جسے وہ اِذن عطا فرمائے، (البقرہ:255)‘‘، (۲) ’’اُس دن کسی کی شفاعت نفع نہیں پہنچائے گی مگر جسے رحمن نے اجازت دی ہو اور اس کی بات سے وہ راضی ہو،(طہٰ:109)‘‘۔ اس مفہوم کی دیگر آیات بھی موجود ہیں کہ اللہ کے حضور اُس کے اذن سے شفاعت کی جائے گی،مگر جب تک رسول اللہ ﷺ مقامِ محمود پر فائز نہیں ہوں گے، بابِ شفاعت نہیں کھلے گا، اس کے بعد انبیائے کرام ورُسلِ عُظام ، اولیاء وصُلَحاء حسبِ مرتبہ سفارش کریں گے ،یہاں تک کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’ ناتمام پیدا ہونے والا بچہ اپنے رب سے بطورِناز جھگڑے گا،تو اس سے کہا جائے گا:اپنے رب سے جھگڑنے والے ناقص بچے ! اپنے ماں باپ کو جنت میں لے جا، وہ اُن دونوں کو اپنی نال کے ساتھ باندھ کر کھینچے گاحتیٰ کہ اُن دونوں کو جنت میں داخل کردے گا، (ابن ماجہ:1608)‘‘۔

                رسول اللہ ﷺ نے اپنے فضائل وخصائص خود بیان کیے،ہم احادیثِ مبارکہ میں بیان کردہ فضائل کو یکجا کر کے درج کر رہے ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا: ’’میں قیامت کے دن اولادِ آدم کا سردار ہوں گااوریہ میرے لیے کوئی فخر کی بات نہیں،آدم علیہ السلام سے لے کر عیسیٰ علیہ السلام تک سب انبیاء میرے پرچم تلے ہوں گے،میں رسولوں کا قائد ہوں گا، میں خاتم النَّبِیّٖن ہوں ، میں سب سے پہلے شفاعت کرنے والا اور مقبولُ الشفاعۃ ہوں گا اور یہ میرے لیے فخر کی بات نہیں، قبر سے باہر آنے والا پہلا شخص میں ہی ہوں گا،جب انسانیت اللہ کے حضور حاضر ہوگی تو اُن کا قائد میں ہی ہوں گااور جب جلالِ الٰہی کے آگے سب لوگ مہر بہ لب ہوں گے تو اُن کا ترجمان میں ہوں گا، جب انہیں حشر میں روک دیا جائے گاتو اُ ن کا وسیلۂ شفاعت میں بنوں گا، جب نجات کی ساری امیدیں ٹوٹ جائیں گی تو بشارت دینے والا میں ہی ہوں گا،ساری عزتیں اور رب کے خزانوں کی کنجیاں میرے ہاتھ میں ہوں گی، حمدِ باری تعالیٰ کا پرچم میرے ہاتھ میں ہوگا ، اللہ کی بارگاہ میں اولادِ آدم میں سب سے معزز میں ہی ہوں گا،ہزاروں خدام چمکتے ہوئے موتیوں کی طرح میرے گردوپیش ہوں گے‘‘۔ مفسرین کرام نے شفاعت کی کئی قسمیں بیان فرمائی ہیں:شفاعت بالاذن، شفاعت بالوجاہت، شفاعت بالمحبت،دعا واستغفار، ان کی تفصیل بیان کرنے کا موقع نہیں ہے۔

                نبی ﷺ نے فرمایا:’’جب مؤذن اذان کہے تو تم بھی کلماتِ اذان کو دہرائو، پھر مجھ پر درود بھیجو، کیونکہ جو مجھ پر ایک بار درود بھیجے گا، اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا، پھر میرے لیے مقامِ وسیلہ کی دعا مانگو ، یہ جنت میں ایک نمایاں مقام ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں میں سے کسی ایک خاص بندے کو عطا فرمائے گا، مجھے یقین ہے کہ وہ میں ہی ہوں گا، سو جو میرے لیے ’’مقامِ وسیلہ ‘‘ کی دعا مانگے گا، اس کے لیے میری شفاعت واجب ہوجائے گی، ( مسلم:384)‘‘۔ ہم نے اپنے مجموعۂ فتاویٰ ’’تفہیم المسائل‘‘ کی جلد اول میں یہ ثابت کیا ہے کہ دعا بعد الاذان کے تمام کلمات احادیثِ مبارکہ سے ثابت ہیں ، اُس میں یہ بھی ہے :’’ اے اللہ! انہیں مقامِ محمود پر فائز فرما،جس کا تو نے اُن سے وعدہ فرمایا ہے‘‘۔ رہا یہ سوال کہ جب اللہ نے اپنے حبیبِ مکرم ﷺ سے ’’مقامِ وسیلہ‘‘اور ’’مقامِ محمود‘‘ کا وعدہ فرمارکھا ہے تو ہماری دعا کی کیا ضرورت ہے،تو جواباً عرض ہے :’’ ہماری دعا ہماری اپنی سعادت کے لیے ہے ، رسول اللہ ﷺ کے مقاماتِ رفیعہ ہماری دعا کے محتاج نہیں ہیں‘‘۔

View : 1132

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.