حیوانات کے ساتھ حسن سلوک (حصہ اول)

        زمین پر حیوانات کاوجود انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے ، یہ بندوں پر اس کا بڑا فضل ہے کہ اُس نے چھوٹے بڑے ہرجانور کو اُن کے تابع کردیا ہے۔حیوانات کے ساتھ انسانوں کی بہت سے ضروریات وابستہ ہیں،ان کی اہمیت وضرورت کو بیان کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا:’’اور اس نے تمہارے لیے جانور پیدا کیے، ان میں تمہارے لیے گرم لباس اور بہت سے فائدے ہیں اور ان میں سے بعض کو تم (بطورِ غذا)کھاتے ہواور تمہارے لیے ان میں زینت ہے، جب تم انہیں شام کو واپس لاتے ہو اور جب چرنے کے لیے چھوڑتے ہواور وہ چوپائے تمہارے بوجھ اٹھا کر ایسے شہر تک لے جاتے ہیں جہاں تم اپنی جان کو مشقت میں ڈالے بغیر نہیں پہنچ سکتے،بیشک تمہارا رب نہایت مہربان رحم والا ہے اور (اس نے)گھوڑے اور خچر اور گدھے (پیدا کیے)تا کہ تم ان پر سوار ہو اور یہ تمہارے لیے زینت ہے اور (ابھی مزید)ایسی چیزیں پیدا کرے گاجو تم جانتے نہیں، (النحل:5-8)‘‘حیوانات کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن کریم میں تقریباً تیس سے زائد حیوانات کا تذکرہ موجود ہے اور صرف اتناہی نہیں،بلکہ پانچ سورتیں خاص حیوانات کے نام سے موسوم ہیں:سورۂ بقر ہ(گائے)،سورۂ نحل (شہد کی مکھی)،سورۂ نمل (چیونٹی)،سورۂ عنکبوت (مکڑی)،سورۂ فیل(ہاتھی)،اس کے علاوہ تقریباً دو سو آیات میں حیوانات کا تذکرہ موجود ہے ۔

        اسلام سلامتی کا مذہب ہے اور سلامتی کی یہ نوید صرف انسانوں کے لیے نہیں، بلکہ جانوروں اوردرختوں کے لیے بھی ہے،دینِ اسلام نے انسانوں کی طرح حیوانات کے حقوق بھی معین کیے ہیں،ان کے ساتھ حسنِ سلوک کا حکم دیا ہے اور بلاوجہ اُنہیں اذیت وتکلیف میں مبتلا کرنے سے سختی سے منع فرمایا ہے۔حیوانات کے ساتھ نیکی کرنے کی اہمیت کا اندازہ حسبِ ذیل احادیث سے لگایا جاسکتا ہے:

         حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں : رسول اللہﷺنے فرمایا:’’ ایک بدکار عورت کا گزر ایسے کنویں پر ہوا جس کے قریب ایک کتا کھڑا پیاس کی شدت سے ہانپ رہا تھااور قریب تھاکہ وہ پیاس کی شدت سے ہلاک ہوجائے ، کنویں سے پانی نکالنے کو ڈول وغیرہ کچھ نہیں تھا، اس عورت نے اپنا چرمی موزہ نکال کر اپنی اُوڑھنی سے باندھا اور پانی نکال کر اس کتے کو پلایا، اس عورت کا یہ فعل بارگاہ الٰہی میں مقبول ہوااور اس کی بخشش کر دی گئی،(مسلم:2245)‘‘۔اندازہ لگائیں کہ بدکاری کتناسنگین اور بڑا گناہ ہے،خصوصاً جب عادت اور پیشے کے طور پرہو،لیکن اتنے بڑے گناہ کو اللہ تعالیٰ نے فقط ایک جانور کے ساتھ نیکی کرنے کی وجہ سے معاف فرمادیا اورنیکی بھی اس جانور کے ساتھ کہ جسے بعض اہلِ علم نے نجس العین قرار دیا ہے اورنبی کریم ﷺ نے اس کے جوٹھے برتن کو تین یا سات مرتبہ دھونے کا حکم دیا ہے۔

        اسی مفہوم کی ایک اور حدیث میں فرمایا:’’ ایک شخص کہیںجارہا تھا، را ستے میں اُسے سخت پیاس لگی تو وہ ایک کنویں میں اُترا اور اس سے پانی پیا، جب وہ باہر نکلا تو دیکھا کہ ایک کتا پیاس کی وجہ سے ہانپتے ہوئے گیلی مٹی چاٹ رہا ہے، اس شخص نے دل میں سوچا : (تھوڑی دیر پہلے) جس طرح پیاس کی شدت مجھے اذیت پہنچا رہی تھی، یہ کتا بھی اِسی طرح اذیت وتکلیف کا شکار ہے ،پس (وہ کنویں میں اترا ) اس نے اپنا موزہ پانی سے بھرا اور اسے منہ میں لے کرباہر آیا اور کتے کو پانی پلایا، اللہ تعالیٰ نے اس کی اس نیکی کی قدردانی فرماتے ہوئے اس کی بخشش فرمادی،صحابہ کرام نے عرض کی:یا رسول اللہ!کیا ہمیں چوپایوں کی خدمت کرنے میں بھی اجر ملے گا، آپ نے فرمایا:ہر ذی حیات (جاندارکو نفع پہنچانے )میں اجر وثواب ہے،(بخاری:2363)‘‘۔ایک شخص نے نبی کریمﷺسے عرض کی:یا رسول اللہ!میں اپنے اُونٹوں کو پانی پلانے کے لیے اپنے حوض میں پانی بھرتاہوں، کسی دوسرے شخص کا اُونٹ آکر اس میں سے پانی پیتا ہے توکیا مجھے اس کا اجر ملے گا،تو رسول اللہﷺنے فرمایا:ہر ذی حیات(کو نفع پہنچانے )میں اجر وثواب ہے، (مسنداحمد:7075)‘‘۔

        اسلام نے ایک طرف حیوانات کے ساتھ حسنِ سلوک کو اجر وثواب کا ذریعہ قرار دیا ہے تو دوسری طرف ان کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور اُنہیں اذیت وتکلیف میں مبتلا کرنے کو گناہ اور عذاب وعقاب کی وجہ قرار دیا ہے ، حدیث پاک میں ہے: ’’نبی کریمﷺنے فرمایا:ایک عورت کو ایک بلی کی وجہ سے عذاب میں مبتلا کیا گیا ،اس نے ایک بلی کوپکڑ کر قید کرلیا تھا،یہاں تک کہ وہ بھوک سے مرگئی ،یہ عورت نہ توخود اُسے کھانے کو کچھ دیتی تھی اور نہ اُسے چھوڑتی تھی کہ حشرات الارض سے اپنی غذا حاصل کرلیتی ، (بخاری:3318)‘‘۔

         حیوانات کوبلاوجہ جسمانی اذیت وتکلیف میں مبتلا کرنے کی ممانعت ایک طرف ،نبی کریمﷺنے توحیوانات کو سَبّ وشتم کرنے اور اُن پر لعنت کرنے سے بھی منع فرمایا ہے،حدیث پاک میں ہے:’’نبی کریمﷺایک سفر میں تھے ، پس آپ ﷺنے کسی پر لعنت بھیجنے کی آواز سنی ،آپ نے پوچھا:کیا معاملہ ہے، صحابہ نے عرض کی:فلاں عورت ہے، جس نے اپنی سواری کے جانور پر لعنت کی ہے ، یہ سن کر نبی کریمﷺنے فرمایا :اس جانور سے کجاوہ اور سامان اُتار دو ، بلاشبہ یہ اب ملعونہ ہے ،چنانچہ صحابہ نے اس سے سامان اُتار کر اُسے چھوڑدیا ، عمران کہتے ہیں:وہ ایک سیاہی مائل اونٹنی تھی،(ابودائود:2561)‘‘۔حضرت زید بن خالد بیان کرتے ہیں : ’’ایک شخص نے مرغے کی اونچی آوازپراُسے لعنت کی، آپ ﷺنے فرمایا:اِس پر لعنت مت کرو،  یہ تمہیں نماز کے لیے بیدار کرتا ہے، (مسنداحمد:17034)‘‘۔

        لعن کے لغوی معنی ہیں: ’’ہانکنا ، محروم کرنا اور ذلیل کرنا‘‘ ،جب لعنت کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف ہو تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے : اللہ تعالیٰ کا اپنے قرب اور اپنی رحمت سے محروم کردینا اور جب اس لفظ کی نسبت بندے کی طرف ہو تو اس سے مراد ہوتا ہے:’’رحمت الٰہی سے دوری ومحرومی کی دعا کرنا‘‘ ۔کسی ایسے شخص پر لعنت کرنا جو لعنت کا مستحق نہ ہو سخت گناہ ہے اور بار بار لعنت کرنا تو گناہ کبیرہ ہے۔اہلِ علم وفقہائے کرام فرماتے ہیں : کسی معین شخص پر لعنت کرنا حرام ہے، اگرچہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہو ، ہاں! اگر کسی شخص کے بارے میں یقینی طور پر معلوم ہو کہ وہ کفر ہی کی حالت میں مرگیا ہے جیسے ابوجہل وغیرہ تو اس پر لعنت کرنا حرام نہیں ہے ، اسی طرح کسی برائی میں مبتلا لوگوں پر عمومی انداز میں لعنت کرنا جیسے یہ کہنا :’’ کافر یا ظالم یا قاتل یا زانی یاسود خور اور جھوٹے پر اللہ کی لعنت ہو‘‘، یہ حرام نہیں ہے ، نبی کریمﷺنے فرمایا:’’مومن طعنہ دینے والا ، لعنت کرنے والا، بے حیا اور بدزبان نہیں ہوتا ،(ترمذی:1977)‘‘۔ انسان اور حیوانات تو رہے اپنی جگہ ،نبی کریمﷺنے جمادات اور غیر جاندار چیزوں پر بھی لعنت کرنے سے منع فرمایا ہے،حضرت عبداللہ بن عباس بیان کرتے ہیں :’’ ایک شخص نے آندھی پر لعنت کی تونبی کریمﷺنے فرمایا:آندھی پر لعنت نہ بھیجو، کیونکہ وہ تو (اللہ کے)حکم کی پابندہے اورجس شخص نے کسی ایسی چیز پر لعنت بھیجی جو لعنت کی مستحق نہیں ہے تو لعنت اسی پر لوٹ آتی ہے، (ترمذی:1978)‘‘۔

        کئی لوگ بے زبان جانوروں پر اُن کی طاقت سے زیادہ بوجھ لاددیتے ہیں،جس کی وجہ سے اُنہیں چلنے میں شدید دشواری اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے،بلکہ زیادہ وزن رکھنے سے اُن کی کمرزخموں سے چور ہوجاتی ہے ، سنگدلی اور ستم ظریفی کی انتہایہ ہوتی ہے کہ اُنہیں تیز چلانے اوردوڑانے کے لیے اُن پر ڈنڈے برسائے جاتے ہیں۔اِس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بعض جانور وں کواللہ تعالیٰ نے نقل وحمل یعنی بوجھ اٹھانے کا ذریعہ بنایا ہے،لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ان پر ان کی طاقت سے زیادہ بوجھ لاد دیا جائے،نبی کریم ﷺنے اس سے سختی کے ساتھ منع فرمایا ہے ،چنانچہ آپﷺنے ایک جانور پر تین آدمیوں کو سوار ہونے سے منع فرمایا ہے،( مسلم:2427)،امام شعبی نے تین لوگوں کو ایک خچر پر سوار دیکھا تو فرمایا :’’ تم میں سے ایک شخص اُتر جائے، کیونکہ   رسول اللہﷺنے تیسرے شخص پر لعنت فرمائی ہے،(مصنف ابن ابی شبیہ:26376)‘‘۔حضرت سہل بن حنظلہ بیان کرتے ہیں :’’ رسول کریمﷺایک اونٹ کے قریب سے گزرے تو دیکھا کہ بھوک و پیاس کی شدت اور سواری وبار برداری کی زیادتی سے اس کی پُشت اس کے پیٹ سے لگ گئی تھی ،نبی کریمﷺنے فرمایا: ان بے زبان چوپایوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ سے ڈرو ،ان پر ایسی حالت میں سواری کرو جب وہ طاقت ورہوں اور سواری کے قابل ہوں اوراُنہیں اچھا کھلائو،(ابوداوٗد: 2548)‘‘۔

        حضرت ابوہریرہ بیان کرتے ہیں : ’’ایک دن نبی کریمﷺکسی انصاری کے باغ میں داخل ہوئے، اچانک ایک اُونٹ آیا اور آپ کے قدموں میں لوٹنے لگا، اس وقت اُس کی آنکھوں میں آنسو تھے،نبی کریمﷺنے اس کی کمر اور سر کے پچھلے حصے پر ہاتھ پھیرا ،جس سے وہ پرسکون ہوگیا، پھر نبی ﷺنے فرمایا:اس اُونٹ کا مالک کون ہے، تو وہ دوڑتا ہوا آیا ،آپ نے اس سے فرمایا:اس کو اللہ تعالیٰ نے تمہاری ملکیت میں دیا ہے، اللہ سے ڈرتے نہیں، یہ مجھ سے شکایت کر رہا ہے کہ تم اِسے بھوکا رکھتے ہو اور اس سے محنت ومشقت کا کام زیادہ لیتے ہو،( ابودائود:2549)‘‘۔

        آپﷺنے طویل سفر کے دوران جانوروں کو آرام دینے اور اُنہیں چرنے پھرنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا:’’جب تم سبزہ والی زمین میں سفر کرو تو اونٹوں کو ان کا حصہ دو،( مسلم:1926)‘‘،یعنی سفر کے دوران اگر ہریالی نظر آئے تو ان کو کچھ دیر کے لیے چرنے اور آرام کا موقع دو ،بھوکا اور پیاسا مسلسل چلاکر ان کو نہ تھکائو،بلکہ جس جانور کی خلقت سواری اور بار برداری کے لیے نہیں ہوئی جیسے گائے اور بھینس وغیرہ تو ان پر سواری کرنااور بوجھ لادنا جائز نہیں ،رسول اللہ ﷺنے فرمایا:’’ایک آدمی بیل پر بوجھ ڈالے ہوئے اُسے ہانک رہا تھا کہ اس بیل نے اس آدمی کی طرف دیکھ کر کہا:میں اس کام کے لیے پیدا نہیں کیا گیا ہوں،بلکہ مجھے تو کھیتی باڑی کے لیے پیدا کیا گیا ہے، لوگوں نے حیران ہوکر کہا:سبحان اللہ!کیا بیل بھی بولتا ہے، تو رسول اللہ نے فرمایا:میں تو اس بات پر یقین کرتا ہوں اور ابوبکر اور عمر بھی یقین کرتے ہیں ،( مسلم:2388)‘‘،اس حدیث سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ جانورپر اس کی طاقت سے زیادہ بوجھ لادنا اور جس مقصد کے لیے ان کی تخلیق ہوئی ہے،اس کے علاوہ دیگر کاموں میں اُنہیں استعمال نہیں کرناچاہیے ۔(جاری ہے)

View : 1417

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.