حیوانات کے ساتھ حسن سلوک(حصہ دوم)

          انسان کو فطری طور پر اپنی اولاد کے ساتھ محبت ہوتی ہے،جس طرح یہ محبت اللہ تعالیٰ نے انسانوں میں ودیعت فرمائی ہے ، اسی طرح یہ جذبہ جانوروں کو بھی عطا کیا ہے، بعض طاقتور جانور تو اولاد کی جدائی پر حملہ آور بھی ہوجاتے ہیں،بہت سے لوگ جانوروں کے چھوٹے اوردودھ پیتے بچوں کو اُن کی ماں سے جدا کردیتے ہیں،ان کایہ عمل سنگدلی کا مظہر ہے،حضرت عبد اللہ بن مسعود بیان کرتے ہیں ’’: ایک مرتبہ رسول اللہﷺاپنے اصحاب کے ہمراہ کسی سفر میں تھے،مسلمانوں نے ایک مقام پر آرام کے لیے پڑائو ڈالا، نبی کریمﷺقضائے حاجت کے لیے تشریف لے گئے، ہم نے ایک چڑیا دیکھی جس کے ساتھ اس کے دو بچے بھی تھے،ہم نے اس کے بچوں کو پکڑ لیا ،وہ چڑیا آئی اور اُن کے سَروں پر اُڑنے اور پھڑپھڑانے لگی، نبی کریمﷺتشریف لائے،آپ نے یہ منظر دیکھا تو دریافت کیا:اسے اس کے بچوں کی وجہ سے کس نے تکلیف پہنچائی ہے، اس کے بچے اِسے واپس کردو،(ابودائود:2675)‘‘۔ ایک حدیث میں ہے : نبی کریمﷺنے فرمایا:’’جو شخص ماں اور اس کے بچے کے درمیان جدائی ڈالے گا، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے اوراس کے دوستوں کے درمیان جدائی ڈال دے گا،( ترمذی:1283)‘‘۔

          ہمارے ہاں بعض علاقوں میں کتوں،مرغوں اور بٹیروں کو لڑانے کی وبا عام ہے ،نبی کریمﷺنے اس عمل سے منع فرمایا ہے،حضرت عبد اللہ بن عباس بیان کرتے ہیں:’’نبی کریمﷺنے جانوروں کو آپس میں لڑانے سے منع فرمایا ہے ، (ابودائود: 2562)‘‘۔ جانوروں کو لڑانا بعض اوقات محض شوقیہ طور پرتفریح طبع کے لیے ہوتا ہے اوربعض اوقات شرط لگاکر بازی کھیلی جاتی ہے، یہ دونوں صورتیں حرام اور ناجائز ہیںاوردوسری صورت میں جوا بھی شامل ہوجاتا ہے،اس لیے اس کی حرمت دوچند ہے،کیونکہ جانوروں کو لڑانے میں اُنہیں اذیت وتکلیف پہنچانا ہے،بلکہ اس دوران بعض جانور مر بھی جاتے ہیں ۔

          نبی کریمﷺنے بعض جانوروں کو قتل کرنے کی اجازت بھی دی ہے،یہ وہ حیوانات وحشرات الارض ہیں جو طبعی طور پر موذی (Harmful)ہوتے ہیں اورانسانوں کوتکلیف ونقصان پہنچانے میں عموماً ابتدا کرتے ہیں،جیسے سانپ، بچھو، درندے اوران جیسے دوسرے حیوانات،سو انہیں ہر حال میں مارنا جائز ہے ،حتیٰ کہ حالتِ احرام میں بھی انہیں قتل کرنے سے مُحرم پر کوئی دم وغیرہ نہیں آتا۔البتہ نبی کریمﷺنے ان حیوانات کو قتل کرنے میں بھی احسان اور بھلائی کا حکم دیا ہے ،یعنی اس قسم کے جانوروں کو قتل کرنے کے لیے ایسا طریقہ کار اختیارکیا جائے کہ اُن کی جاںکنی کا دورانیہ کم سے کم ہو ، مثلاً :گولی، تیز دھار آلے یا کسی ایسی وزنی چیز سے مارناکہ جس سے جلد موت واقع ہوجائے، نبی کریمﷺنے فرمایا:’’اللہ تعالیٰ نے ہر چیز میں احسان کرنا فرض کیا ہے، اس لیے جب تم لوگ کسی جانور کو مارو تو اچھے طریقے سے مارو اور جب ذبح کرو تو اچھے طریقے سے ذبح کرواور چھری کی دھار کو خوب تیز کرلیا کرو،( مسلم: 1955)‘‘۔نبی کریمﷺنے چھپکلی اور گرگٹ کو مارنے کا حکم دیا ہے ،لیکن اُسے مارنے میں بھی احسان کا حکم دیا ہے: نبی کریم ﷺ نے فرمایا:جس نے چھپکلی کو پہلی ضرب میں مار ڈالا تو اس کے لیے اتنی اتنی نیکیاں ہیں اور جس نے اسے دوسری ضرب سے مارا، اس  کے لیے اتنی اتنی نیکیاں ہیں ،مگراس کی نیکیاں پہلی بارمیں مارنے والے سے کم ہیں اور اگر اس نے تیسری ضرب سے مارا تو اس     کے لیے اتنی اتنی نیکیاں ہیں،لیکن دوسری ضرب سے مارنے والے سے کم ہیں،(مسلم:2240)‘‘۔حضرت ابوہریرہ بیان کرتے ہیں: رسول کریمﷺ نے فرمایا:جو شخص گرگٹ کو ایک ہی وار میں مار ڈالے، اس کے لیے سو نیکیاں لکھی جائیں گی، دوسرے وار میں اس سے کم اور تیسرے وار میں اس سے بھی کم نیکیاں لکھی جائیں گی،(مسلم:2240)‘‘۔ایک یا اس سے زائد وار کے ساتھ مارنے کی صورت میں اجروثواب میں کمی وزیادتی کوبیان کرنے کا مقصد اِس بات کی ترغیب دلانا ہے کہ جس قدر جلدی اور سہولت سے ہوسکے ،قتل کیا جائے۔

           موذی جانوروں کو آگ میں جلانایا اُن پر گرم پانی ڈالنایا ان کے اعضاء کاٹنااوراُنہیں تکلیف دے کرمارنایا ضرورت سے زائد تکلیف دے کر مارنا شریعت کی رُوسے جائز نہیں ہے ، ایک مرتبہ رسول اللہﷺنے چیونٹیوں کی ایک بستی کو دیکھا،جسے کسی نے جلاکر خاکستر کردیا تھا،آپ نے پوچھا:اِنہیں کس نے جلایا ہے،لوگوں نے کہا:ہم نے جلایا ہے، فرمایا:آگ پیدا کرنے والے کے علاوہ کسی کے لیے بالکل بھی مناسب نہیں کہ وہ آگ سے تکلیف پہنچائے ،( ابودائود:2675)‘‘اور ایک حدیث میں آپﷺنے فرمایا:’’بیشک آگ کا عذاب صرف اللہ تعالی ہی دے سکتا ہے،(بخاری:3016)‘‘۔البتہ اگر موذی جانوروں کو زندہ جلائے بغیر مارنا ناممکن یا شدیدیدشوار ہو تو انہیں جلانے یا ان پرگرم پانی ڈالنے کی گنجائش موجود ہے،مثلاً :اگر کسی دوا کے ذریعے چار پائی کے کھٹملوں کاخاتمہ نہ ہوسکے تو گرم پانی سے اُنہیں ماراجاسکتا ہے ۔

          اِسی طرح جس حیوان کو ذبح کرنے کا ارادہ ہو تو نبی کریمﷺنے اُس کے ساتھ بھی حسن سلوک کا حکم دیا ہے،مثلاً :ذبح سے پہلے چھری کی دھار خوب اچھی طرح تیز کرلی جائے،جانور کے سامنے چھری کو ظاہر نہ کیا جائے ،ایک جانور کے سامنے دوسرے جانور کو ذبح نہ کیا جائے،ذبح کے وقت جانور کوزمین پر نہ گھسیٹے ،ذبح سے پہلے جانور کو کچھ کھلاپلا دیا جائے،خالی پیٹ ذبح نہ کیاجائے ، آپﷺنے فرمایا:’’جب تم کسی جانور کو ذبح کرو تو اچھے طریقے سے ذبح کرو، اپنی چھری کو تیز کرلواوراس بات کا خیال رکھا جائے کہ ذبح کے وقت اس کی تکلیف کم سے کم ہو،(مسلم: 1955)‘‘۔ذبح کے بعد جب تک جانور کی جان نہ نکل جائے، اُس کی کھال نہیں اتارنی چاہیے، کیونکہ یہ اذیت پر اذیت ہے۔

          حضرت عبداللہ بن عباس بیان کرتے ہیں :ایک شخص نے بکری کو لٹایا اور اپنی چھری تیز کرنے لگا ،نبی کریم ﷺنے اُسے دیکھا تو فرمایا:کیا تم اس کو دو موت مارنا چاہتے ہو،تم نے اِسے لٹانے سے پہلے چھری کو تیز کیوں نہ کیا ، (المستدرَک للحاکم: 7563)‘‘۔ حضرت قرہ بن ایاس مزنی بیان کرتے ہیں : ایک شخص نے نبی کریمﷺسے عرض کی:یارسول اللہ!جب میں بکری کو ذبح کرتا ہوں تو مجھے اس پر رحم آتا ہے ، آپﷺنے فرمایا:اگر تم بکری پر رحم کرتے ہو تو اللہ بھی تم پر رحم کرے گا، (مسنداحمد: 15592)‘‘۔ حضرت وضین بن عطا بیان کرتے ہیں : ایک قصاب نے بکری کو ذبح کرنے کے لیے اس کے کوٹھے کا دروازہ کھولا تو وہ بھاگ پڑی ، اس نے اس کا پیچھا کیا اور اسے اُس کی ٹانگوں سے پکڑ کر کھینچنے لگانا، یہ دیکھ کر نبی کریمﷺنے فرمایا:اے قصاب!اس کو نرمی سے کھینچ کرلائو،(مصنف عبد الرزاق:8609)‘‘۔

          بعض لوگ نشانہ بازی کی مشق کرنے کے لیے یا ویسے ہی تفریح طبع اور کھیل کود کے طور پر حیوانات خاص طور پر پرندوں کو تیر یا بندوق سے نشانہ بناتے ہیں،رحمتِ عالم ﷺنے اس سے بھی منع فرمایا ہے اور ایسے شخص پر لعنت فرمائی ہے،چنانچہ ایک مرتبہ حضرت عبداللہ بن عمر قریش کے کچھ بچوں کے پاس سے گذرے ،جو ایک پرندے کو باندھ کر اُس پر نشانہ بازی کر رہے تھے اوراُنہوں نے پرندے کے مالِک سے یہ طے کیا ہوا تھا کہ جو تیرنشانے پر نہ لگا وہ اس کا ہو گا، جب انہوں نے آپ کو آتا دیکھا تو بھاگ گئے،حضرت عبداللہ بن عمر نے پوچھا:اللہ تعالیٰ ایسا کرنے والے پر لعنت فرمائے، یہ کس نے کیا ہے،بے شک رسولِ کریمﷺنے (مشق     کے لیے )کسی ذِی رُوح کو تیر اندازی کا نشانہ بنانے والے پر لعنت فرمائی ہے،(صحیح مسلم:2605)‘‘۔

          شوقیہ طور پر پرندے یاغیر موذی جانوروں کو پالنے میں کوئی حرج نہیں ہے ،چنانچہ حضرت انس بیان کرتے ہیں: ان کے بھائی ابو عمیر نے ایک چڑیا پال رکھی تھی،رسول کریمﷺجب کبھی تشریف لاتے تو اُن سے اس پرندے کی بابت دریافت فرماتے تھے کہ وہ کیسا ہے ،(بخاری:5850)‘‘۔البتہ ان کے حقوق کی حفاظت لازم ہے،اُن کے حقوق یہ ہیں کہ اُنہیں باقاعدہ خوراک دی جائے، خوراک ہر وقت اُن کے سامنے موجود ہونی چاہیے،وہ جب چاہیں کھائیں،بعض لوگ جانوروں کو انسانوں کی طرح صرف صبح اور شام دو وقت کھانا دیتے ہیں،یہ طریقہ درست نہیں ہے،اس کے علاوہ ان کی صفائی ستھرائی،سردی گرمی اور بارش سے حفاظت اور بیماری کی صورت میں علاج کا مناسب بندوبست کیا جائے، امام قرطبی فرماتے ہیں:’’ جس شخص کے گھر میں اس کی بلی کو خوراک اور ضروریات نہ ملیں اور جس شخص کے پنجرے میں بندپرندوں کی پوری خبر گیری نہ ہوتی ہوتووہ شخص کتنی ہی عبادت کرلے،وہ محسنین میں شمار نہیں ہوگا، (الجامع لاحکام القرآن:ج:5،ص:122)‘‘۔

          حضرت ابوبکر شبلی کوکسی نے خواب میں دیکھا اور ان سے پوچھا : آپ کے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا ہے،اُنہوں نے فرمایا:    اللہ تعالیٰ نے مجھے اپنے دربار میں کھڑا کرکے فرمایا:ابوبکر!تمہیں معلوم ہے میں نے تمہیں کیوں بخش دیا، میں اپنے نیک اعمال شمار کرنے لگا جونجات کا ذریعہ بن سکتے تھے،تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا:میں نے ان اعمال میں سے کسی عمل کے سبب تیری بخشش نہیں فرمائی ، میں نے عرض کی:الٰہی ! پھرتونے کس سبب سے میری مغفرت فرمائی ، ارشاد فرمایا:ایک مرتبہ تم بغداد کی گلی سے گزر رہے تھے کہ تم نے ایک بلی کو دیکھا جسے سردی نے کمزورکردیاتھا،اس پر ترس کھاتے ہوئے تم نے اسے اپنے جبے میں چھپالیاتاکہ وہ سردی سے بچ جائے، پس بلی پررحم کی وجہ سے میں نے آج تم پر رحم فرمایاہے ،(حیاۃ الحیوان ،ج:2،ص:522)‘‘۔اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مقبولیت کا اصل سبب رحم کا وہ جذبہ ہے جو بندے کے دل میں پیدا ہوتا ہے اور بندہ کسی کو تکلیف میں مبتلا دیکھ کر اس کی تکلیف کا ازالہ کرتا ہے۔

          بعض جانوروں کے آواز نکالنے پر نبی کریمﷺنے دعا کی تعلیم ارشاد فرمائی ہے ،آپﷺنے فرمایا:’’جب تم میں سے کوئی شخص مرغ کی آواز سنے تو اُسے چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے فضل طلب کرے،کیونکہ اس نے فرشتے کو دیکھا ہوتا ہے اور جب تم میں سے کوئی شخص گدھے کو رینکتا سنے تو شیطان سے اللہ کی پناہ مانگے،کیونکہ اس نے شیطان کو دیکھا ہوتا ہے،(بخاری : 3303)‘‘۔

          ہمارے ملک میںکافی عرصے سے جانوروں کے حوالے سے بہت زیادہ لاپروائی اورغفلت برتی جارہی ہے ،گذشتہ دنوں اسلام آباد کے ایک چڑیا گھر میں شیر اور شیرنی سمیت متعدد جانور وں کے ہلاک ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا،اِسی طرح چند ماہ قبل  کراچی میں ایک گھر کی تیسری منزل سے قربانی کے بیل کو اُتارتے وقت بے احتیاطی برتی گئی اور اُسے تیسری منزل سے زمین پر گرادیاگیا،ملک بھر کے بیشترچڑیا گھروں میں موجود جانور سُہولتوں کے فقدان کی وجہ سے عدمِ تحفظ کا شکار ہیں،ان کی خوراک اور ضروریات کے لیے جاری ہونے والی رقوم کا بڑا حصہ خوردبرد اورکرپشن کی نذر ہوجاتا ہے ،سو اس معاملے میں اربابِ اختیار کو توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

View : 946

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.